ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی میں توسیع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام فریقین اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کی درخواست کو مثبت انداز میں قبول کیا۔
وزیراعظم نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اسٹیو وٹکوف کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کا مقصد سفارتی عمل کو آگے بڑھانا اور تنازع کا مستقل حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مذاکرات میں ایک جامع امن معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بھی ذکر کیا، جو اس معاملے میں پاکستان کی متوازن سفارتکاری کو ظاہر کرتا ہے۔