ویب ڈیسک: انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے والی پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر نوجوان شاہینوں کا شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔
رات گئے شہریوں کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچی۔ فاتح کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر رقص اور بھنگڑوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ ایئرپورٹ کے باہر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ استقبال کے دوران فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال۔
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 21, 2025
کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کا استقبال پی سی بی چیف اپریٹنگ افیسر سمیر احمد سید، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام نے کیا۔
دبئی میں فائنل میں بھارت انڈر 19 کو شکست دینے کے بعد وطن واپسی۔… pic.twitter.com/tuS6ugggK0
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام بھی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ بعد ازاں کھلاڑیوں کو وی آئی پی پروٹوکول کے تحت مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، جس میں فائنل میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
فائنل میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔ سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔
348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 جبکہ سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتا ہے۔ اس سے قبل 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے۔