وزیراعظم کی انڈر19ایشیاکپ کی فاتح ٹیم سے ملاقات،فی کھلاڑی1کروڑ روپے کا اعلان

وزیراعظم کی انڈر19ایشیاکپ کی فاتح ٹیم سے ملاقات،فی کھلاڑی1کروڑ روپے کا اعلان
کیپشن: وزیراعظم کی انڈر19ایشیاکپ کی فاتح ٹیم سے ملاقات،فی کھلاڑی1کروڑ روپے کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فی کھلاڑی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فاتح ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا اور بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزراء اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ ٹیم کی تیاری کا عمل 17 جون 2025 سے شروع ہوا، جس کے دوران 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔ ٹرائلز کے بعد 30 کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا اور ایشیا کپ سے قبل ہدف یہی رکھا گیا تھا کہ نہ صرف ٹرافی جیتنی ہے بلکہ شائقینِ کرکٹ کے دل بھی جیتنے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں نوجوان کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا گیا اور فی کھلاڑی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سمیر منہاس نے فائنل میں شاندار اننگ کھیلی جبکہ عثمان خان نے بھی ان کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑے میچ میں بڑا اسکور کرنا ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا نتیجہ تھا۔

انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کے باعث تمام کھلاڑی اعتماد کے ساتھ کھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی جیت میں ہر کھلاڑی کا کردار اہم رہا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ٹورنامنٹ میں انفرادی طور پر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم آئندہ ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

سٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ ان کا پلان سادہ تھا، وکٹ پر وقت گزارنا اور ٹیم کے لیے رنز بنانا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کیا اور کوشش یہی تھی کہ بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجایا جائے تاکہ مخالف ٹیم دباؤ میں آئے۔

اس موقع پر سرفراز احمد نے بھارتی ٹیم کے رویے پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ دکھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے میدان میں صرف اپنی کرکٹ پر توجہ دی اور اسی اتحاد اور نظم و ضبط کے باعث ٹیم بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

Watch Live Public News