پی ٹی آئی کی"جیل بھرو تحریک " کا آج لاہور سے آغاز،قریشی،اسد عمر گرفتاری دینگے

پی ٹی آئی کی
لاہور : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی معاشی عدم استحکام ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف ’ جیل بھرو تحریک ‘ آج لاہور سے شروع ہو گی ، پہلے مرحلے میں پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال ، اسد عمر ، سابق صوبائی وزیر مراد راس سمیت 200 کارکنان گرفتاری دیں گے ۔ اگر حکومت نے گرفتاریوں سے انکار کیا تو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنان مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا دیں گے ۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ونگ کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ’ جیل بھرو تحریک ‘ پر تفصیلی غور کیا گیا تھا جب کہ صدر لاہور شیخ امتیاز محمود کی جانب سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی اور تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی تھی ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تحریک کے آغاز کے موقع پر ہی گرفتاریاں دینے والے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے اعزاز میں پارٹی دفتر میں تقریب منعقد ہوگی ، ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پہنچیں گی ۔ دوسری جانب پنجاب میں نگران حکومت نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی طے کر لی ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں 7 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ، اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور کی جیلوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث گرفتاری دینے والے کارکنوں کو ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 17 فروری کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران 22 فروری کو لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔