جیل بھرو تحریک کے حوالے سے عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کردیا

جیل بھرو تحریک کے حوالے سے عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کردیا
لاہور: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کارکنان کے نام خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی حقیقی آزادی کے لئے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، یہ تحریک وہاں لے کر جائے گی کہ جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان بنے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اور خوشحالی تب ہی ممکن ہے کہ جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی ، جیل بھرو تحریک کا مقصد ایک جہاد ہے ، جتنی تعداد میں آپ اس میں شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی ہم اپنے مقصد کو پہنچ جائیں گے ۔ قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اپنے پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لکھا کہ حقیقی آزادی کیلئے ہی آج ہم 2 بنیادی محرکات اور اہداف کے تحت جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جعلی ایف آئی آرز، نیب کے مقدموں، زیر حراست تشدد اور میڈیا و سوشل میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے ، یہ تحریک آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق پر یلغار کیخلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے ۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تحریک غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کیخلاف ہے کہ جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کر دیا ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔