' 90 دن کے اندر الیکشن نہ کرائے تو قوم سڑکوں پر نکلے گی'

' 90 دن کے اندر الیکشن نہ کرائے تو قوم سڑکوں پر نکلے گی'
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز ہی اسی لیے کیا کہ خوف کا بت توڑنا تھا، اگر انہوں نے 90 دن کے اندر الیکشن نہ کرائے تو قوم سڑکوں پر نکلے گی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، لوگوں کو یہ نہ کہیں کے مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں، لوگ مہنگائی کے لیے نہیں کسی اور چیز کے لیے تیار ہیں۔ یہ سرکاری گاڑیاں واپس کرکے لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں،باہر رکھا ہوا پیسہ ملک واپس لے کر آئیں۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ حکومت گرانے کی سازش میں شہباز شریف اورآصف زرداری شامل تھے، 10 مہینے میں جو پاکستان کے ساتھ ہوا ہے دشمن بھی یہ نہ کرے، آپ نے وعدہ کیا تھا کہ ایک دم ملک ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کورونا وبا تھی پھر بھی ہم نے معیشت کو سنبھالا، ہم بھی ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی آئی تھی، ہمارے دور میں تیل کی قیمت 110 ڈالر سے 115 ڈالر فی بیرل تھی، اس ملک میں اتنی وبائیں اور آفتیں آئیں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، تقریباً سو روپے ڈالر مہنگا ہوا، پوچھنا چاہتا ہوں کیوں ہوا؟. سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر عوم کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو باہر رکھا ہوا پیسہ ملک واپس لے کر آئیں، اس ملک کی معیشت کی تباہی کے آپ ذمہ دار ہیں،جنہوں نے سازش کی وہ اور آپ لوگ ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح وہ باہر نکلے، یہ قوم انقلاب کے لیے تیار ہے، سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہے انہوں نے فیصلہ کر لیا ہوا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ میرے اوپر 70 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، جتنی مرضی کرلو کوئی فکر نہیں ہے، میں نے 200 لوگ تیار کیے، یہاں ہزاروں لوگ تیار ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز ہی اسی لیے کیا کہ خوف کا بت توڑنا تھا، اگر انہوں نے 90 دن کے اندر الیکشن نہ کرائے تو قوم سڑکوں پر نکلے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔