ویب ڈیسک: پاکستان نے افغان طالبان کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے سات اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر پاک افغان سرحدی علاقے میں ایک کامیاب کارروائی کی، جس میں طالبان اور اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وزارتِ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق حالیہ دہشت گرد حملے، خاص طور پر بنوں واقعہ، کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود خوارج قیادت کی ہدایت پر کی گئی تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، جو کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے ہیں، نے قبول کی ہے۔
پاکستان نے اپنے اس حالیہ آپریشن میں دہشت گرد کیمپوں کو نہایت درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کا مقصد افغان سرزمین کو غیر ملکی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ خوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین کو پاکستان یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال کرنے سے روکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم اس کی اولین ترجیح اپنے شہریوں کا تحفظ ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ طالبان پر دوحا معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرنے کے لیے دباؤ ڈالے.