عام انتخابات پرپنجاب میں دفعہ 144 نافذکرنےکافیصلہ

عام انتخابات پرپنجاب میں دفعہ 144 نافذکرنےکافیصلہ
کیپشن: عام انتخابات پرپنجاب میں دفعہ 144 نافذکرنےکافیصلہ

ویب ڈیسک: چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے آرمی، رینجرز اور پولیس تعینات کی جائے گی، آرمی، رینجرز اور پولیس کے دستے 5 اور 7 فروری کو فلیگ مارچ کریں گے جبکہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر یکم سے 12فروری تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔

چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ الیکشن ڈیوٹی کے حوالے سے تربیت کے دوران غیر حاضر پولنگ اسٹاف کے خلاف کارروائی کریں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اہم قومی ذمہ داری ہے، مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیے گئے ہیں، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنرز انتخابات کی تیاریوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی پلان الیکشن انتظامات کے انتہائی اہم جزو ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے، پولنگ سٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے،انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔