مختلف ممالک سے مزید 220 پاکستانی بےدخل

مختلف ممالک سے مزید 220 پاکستانی بےدخل
کیپشن: مختلف ممالک سے مزید 220 پاکستانی بےدخل

ویب ڈیسک:پاکستان کیلئے ایک اور شرمناک دن۔۔۔ ایک ہی دن میں مختلف ممالک سے مزید 220 پاکستانیوں کو بےدخل کردیا گیا۔

امیگریشن ذرائع کے مطابق امریکا، چین، ترکی، زمبابوے اور سینیگال سمیت مختلف ملکوں سے مزید 220 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔ وطن واپسی پر ان مسافروں میں سے 12 کو کراچی میں گرفتار کرلیا گیا۔19 سے 21 جنوری تک 48 گھنٹوں میں سسٹم میں آن لائن ویزا ظاہر نہ ہونے اور ویزا منسوخ ہونے پر ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔دوبارہ داخلے کی اجازت نہ ملنے پر ایک، بلیک لسٹ ہونے پر 3 اور  بھیک مانگنے پر جیل سے رہا کرکے 17پاکستانیوں کو سعودیہ سے بے دخل کیا گیا۔پاسپورٹ گم ہونے پر 2، زائد المیعاد قیام پر 3، کفیل کے بغیر ملازمت کرنے پر 16 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔

امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کفیل کی شکایت پر 17 اور مختلف وجوہات کی بنا پر 12 پاکستانیوں کو سعودیہ سے بے دخل کیا گیا۔امریکا میں ایمرجنسی سفر پر روکے گئے  2 مسافروں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔زمبابوے امیگریشن سے روک کر 3 مسافروں کو واپس بھیج دیا گیا۔ قبرص، پریٹوریا، قطر، یوگنڈا اور چین سے 6 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔امارات میں جیل سے نکال کر ایمرجنسی دستاویزات پر 103 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔ 

انسانی اسمگلروں کا نشانہ بن کر پاکستان سے سینیگال پہنچے 2 مسافروں کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔

ایف آئی اے کی اسلام آباد ایئرپورٹ پرکارروائی:

ملک کے تمام ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائیاں جاری ہے۔ جس کے تحت لیبیا سے آنے والے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

حراست میں لیے گئے مسافروں کی شناخت فرحان اشرف، علی ذیشان اور  تقی الحسن سجاد کے نام سے ہوئی ۔فرحان اشرف اور علی ذیشان نامی مسافروں نے یورپ جانے کے غرض سے ثاقب جج نامی ایجنٹ کو بھاری رقوم ادا کی تھیں۔

 مسافروں نے ایجنٹ کے ذریعے فیصل آباد سے لیبیا براستہ دبئی اور مصر سفر کیا۔لیبیا میں کچھ عرصہ قیام کے بعد ایجنٹس نے مسافر کو کشتی کے ذریعے اٹلی کی جانب بھجوانے کی کوشش کی۔مسافروں کو لیبیائی حکام نے حراست میں لے کر پاکستان واپس بھیج دیا ۔ایک اور کارروائی میں شناخت بدل کر  بیرون ملک سفر کرنے والا مسافر گرفتار ہوگیا۔

گرفتار ملزم نے اشرف عباس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اسپین جانے کی کوشش کی۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا اصل نام  تقی الحسن سجاد ہے ۔ ملزم نے اشرف عباس کی سفری دستاویزات استعمال کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کی۔ ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ۔ 

انسانی اسمگلنگ کی روک تھام،20سال بعدFIAہیڈکوارٹرسےایڈوائزری جاری:

انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے 20 سال بعد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر سے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ ایف ائی اے ہیڈ کوارٹر سے ملک بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز امیگریشن کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق 15 ممالک، پاکستان کے 9 شہر اور 2 ایئر لائنز کے مسافروں پر کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پہلی دفعہ بیرون ملک سفر کرنے والے 15 سے 40 سال تک کی عمر کے مسافروں پر نگرانی سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ فلائی دبئی اور اتھوپین ایئر لائن کے جوان العمر مسافروں کی سخت چیکنگ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ آذربائیجان، ایتھوپیا، سینگال کینیا، روس، سعودیہ، مصر کے مسافروں کی چھان بین کا حکم دیا گیا ہے۔

مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق ترکیہ، قطر، کویت، کرغزستان کے مسافروں کی بھی پروفائلنگ کریں۔15 ممالک کو پاکستانیوں نے یورپ انسانی اسمگلنگ کیلئے ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کیا۔ منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، بھمبر کے مسافروں کی کڑی نگرانی کریں۔ جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے مسافروں کی پروفائلنگ کے بہتر اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈوائزری جولائی تا دسمبر آئی بی ایم ایس کے ڈیٹا بیس کے تجزیے سے تیار کی گئی۔ 15 ملکوں کے وزٹ، سیاحت، مذہبی، یا تعلیمی ویزوں پر مسافروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔ریٹرن ٹکٹس، ہوٹل بکنگ سمیت تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دستاویز کی چھان بین کریں۔ مشکوک مسافروں اور ان کے سفری مقصد اور مالی انتظامات کیلئے انٹرویو کریں۔ 

مشکوک مسافروں کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں، کسی بھی بے قاعدگی کی فوری اطلاع دیں۔ 

Watch Live Public News