ویب ڈیسک: نیشنل پرئیر سروس کے دوران خاتون پادری کی جانب سے تارکین وطن اور ہم جنس پرستوں پر رحم کی اپیل پر صدر امریکا ڈونلڈ ٹرمپ برافروختہ ۔ ٹرتھ سوشل پر ڈانٹ ڈپٹ ، نام نہاد بشپ قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کامطالبہ کردیا۔
صدر نے واشنگٹن کے ایپیسکوپل بشپ ماریان بڈے کو اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر صبح 1 بجے کی ایک پوسٹ میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے الزام لگایا کہ اس نے مذہبی تقریب کو سیاسی لیکچر دینے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'نام نہاد بشپ جس نے منگل کی صبح نیشنل پریئر سروس میں تقریر کی وہ ٹرمپ سے نفرت کرنیوالے ایک انتہا پسند اور سخت گیر شخص ہیں۔'

'وہ غیر قانونی تارکین کی بڑی تعداد کا ذکر کرنے میں ناکام رہی جو ہمارے ملک میں آئے اور لوگوں کو قتل کیا۔ ایسے بہت سے لوگ جیلوں اور ذہنی اداروں داخل ہیں ۔ یہ ایک بہت بڑی جرائم کی لہر ہے جو امریکہ میں وقوع پذیر ہے۔
' نامناسب بیان کے علاوہ، سروس بہت بورنگ اور غیر متاثر کن تھی۔ وہ اپنے کام میں اچھی نہیں! وہ اور اس کا چرچ عوام سے معافی مانگنے کا مقروض ہے!'؎
دوسری طرف ایک ریپبلکن کانگریس مین مائیک کولنز نے انتہا پسند بشپ کو 'جلاوطنی کئے جانیوالے افراد کی فہرست میں شامل کرنے' کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ حکومت سنبھالنے کے بعد پہلی دعائیہ تقریب میں شرکت کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن کے معروف چرچ نیشنل کیتھیڈرل پہنچے لیکن وہاں انھیں غیر متوقع طور پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دعا کروانے والی چرچ کی بشپ ماریان ایڈگر بڈے نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ ہم جنس پرستوں، غریب تارکین وطن اور ٹرانس جینڈرز کے بچوں پر رحم کریں۔
بشپ نے التجا کی کہ ہمارے خدا کے نام پر، میں آپ سے کہتا ہوں کہ ہمارے ملک کے ان لوگوں پر رحم کریں جو اب خوفزدہ ہیں۔ ٹرانس جینڈرز کے بچوں کی زندگی کا معاملہ بھی ہے۔
چرچ کی بشپ نے تارکین وطن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اکثر تارکین وطن محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ان کا جرائم سے کوئی لینا دینا نہیں۔
بشپ نے کہا یہ تارکین وطن ہمارے پولٹری فارموں، دفاتر کی عمارتوں اور دیگر مقامات کو صاف کرتے ہیں۔ گوشت کی پیکنگ پلانٹس میں مزدوری کرتے ہیں، ریستورانوں میں برتن دھوتے ہیں اور اسپتالوں میں رات کی شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔
چرچ کی بشپ نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے ان کے پاس سفری دستاویزات نہ ہوں، وہ شہریت نہ حاصل کرپائے ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ جرائم پیشہ ہیں۔ ان کی اکثریت محنتی ہے۔
بشپ بڈے نے غیر دستاویزی تارکین وطن کو ٹیکس دہندہ اور اچھے پڑوسی کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری برادریوں میں ان لوگوں پر رحم کریں جن کے بچے ڈرتے ہیں کہ ان کے والدین کو چھین لیا جائے گا۔ ہمارا خدا ہمیں سیکھاتا ہے کہ اجنبیوں پر رحم کریں کیونکہ ہم سب بھی کسی وقت اس سرزمین پر اجنبی تھے۔
ٹرمپ نے امیگریشن پر پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی حق شہریت ختم کرنے کی کوشش کروں گا اور لاکھوں غیر ملکی مجرموں کو واپس ان کے ملک بھیجنے کا عمل شروع کردیں گے۔