(ویب ڈیسک)ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں اور رہیں گے۔
ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے اپنے خطاب میں وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی اور شیعہ و سنی علماء کا خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمسائیگی کی بنیاد پر قائم ہیں اور یہ رشتہ مستقبل میں بھی مضبوط رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے یکجہتی کے حوالے سے علامہ اقبال اور علامہ صوفی تبسم کے اشعار انہیں بے حد پسند ہیں، جبکہ علامہ صوفی تبسم ماضی میں خانہ فرہنگ ایران کے ڈی جی بھی رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ ایرانی شعرا نے ہمیشہ پاکستان کے بارے میں مثبت اور خوبصورت اشعار کہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے حملہ کر کے رہبر معظم، وزیر دفاع اور دیگر رہنماؤں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سوال کرتے ہیں کہ رہبر علی خامنہ ای کسی پناہ گاہ میں کیوں نہیں گئے، تو اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق کے ساتھ جنگ کے دوران امام خمینی بھی کسی محفوظ پناہ گاہ میں نہیں گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ رہبر سپاہیوں کو میدان جنگ میں جانے کا حکم دے اور خود محفوظ مقام پر رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے امریکی حملے کے دو گھنٹے کے اندر جوابی کارروائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی لاریجانی ان کے ذاتی دوست رہے ہیں اور ان کے خط کے چھ نکات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ڈاکٹر اصغر مسعودی کے مطابق شہید علی لاریجانی نے کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکہ نے دھوکہ دیتے ہوئے حملہ کیا، جبکہ ایران نے دشمن کا اکیلے مقابلہ کیا اور کسی مسلم ملک نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا ذکر کیا کہ پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ ایران کے ساتھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت لاہور سے خصوصی محبت رکھتی ہے اور جو بھی ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرتا ہے، اسے رہبر کی جانب سے لاہور جانے کی تاکید ضرور کی جاتی ہے۔