’خدارا گجرات کو ڈی جی خان یا راجن پور ہی سمجھ کر فنڈ دے دیں‘

’خدارا گجرات کو ڈی جی خان یا راجن پور ہی سمجھ کر فنڈ دے دیں‘
گجرات (پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور تحریک انصاف حکومت کے اتحادی چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ خدارا گجرات کو ڈی جی خان یا راجن پور ہی سمجھ کر فنڈ دے دیں۔چک سادہ روڈ گجرات میں نئی سڑک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کر کے جو سکون قلب حاصل ہوتا ہے بیان سے باہر ہے۔ ہمیں جب بھی موقع ملا عوام کے لیے فلاحی کام کیے۔انھوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے دس سال تک گجرات کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا۔ اپنے دور میں شریف خاندان یہ سوچتا تھا کہ گجرات میں ترقیاتی کاموں کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں۔ وہ سوچتے تھے کہ لاہور میں کوئی پلی یا پل رہ گیا ہے تو وہ بنا دیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بھی یہی کہتے ہیں ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے رہنے کی وجہ سے یہ حلقہ برباد رہا۔ خدارا اس کو بھی ڈی جی خان یا راجن پور ہی سمجھ کر فنڈ لگا دیں۔دوسری جانب انھوں نے مسئلہ فلسطین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر دوبارہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ فلسطین کو مکمل طور پر اسرائیل کے ظلم و جبر سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ عالم اسلام متحد ہو تو کسی غیر دینی طاقت کو امت مسلمہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو فلسطین میں بربریت کرنے سے روکنے کے لیے مؤثر قانون سازی کرے۔ اسرائیلی حملوں پر صرف مذمت سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدام اٹھانا ہو گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔