علیمہ خان کے مچلکے ضبط، چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کے مچلکے ضبط، چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: علیمہ خان کے مچلکے ضبط، چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک: 9 مئی کے درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے مچلکے بھی ضبط کرلیے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ نو مئی کے درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کے 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم عدالتی حکم کے باوجود علیمہ خان عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ جس پرعدالت نے علیمہ خان کے ضامن کا ایک لاکھ روپے کا مچلکہ کار سرکار ضبط کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ 

عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان نیا مچلکہ اور 10 10 لاکھ روپے کے دو ضامن پیش کریں۔ عدالت نے چوتھی بار علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ 

عدالت نے راولپنڈی پولیس کی علیمہ خان سے متعلق جمع کرائی گئی رپورٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس پی راول سعد ارشد سمیت ڈی ایس پی وارث خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے علیمہ خان سے متعلق بوگس رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ پولیس نے بتایا کہ علیمہ خان روپوش ہو چکی ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں۔ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کی باہر میڈیا سے گفتگو کی لیکن پولیس نے جعلی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور عدالت کو دھوکا دیا۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت نے ایس پی راول سعد ارشد اور ڈی ایس پی وارث خان کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ مقدمے میں شامل چار گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے شورٹی بانڈز بھی کار سرکار ضبط کر لیے گئے۔ گاڑیوں کے مالکان نے انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے سپرداری حاصل کر رکھی تھی۔

عدالت نے گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر کے 24 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔  

عدالت نے آئی جی خیبر پختونخواہ اور آئی جی بلوچستان کو گاڑیاں ضبط کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News