(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت کی جانب سے پاسپورٹ کا ڈیزائن مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے وزارت داخلہ سے اجازت حاصل کرلی ہے، نئے پاسپورٹس میں اب والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج ہوگا جس میں جدید سیکورٹی فیچرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، محکمہ پاسپورٹ کے مطابق نئے پاسپورٹس کے ویزہ پیجز میں مختلف صوبوں کی تاریخی عمارات کو بھی پرنٹ کیا جائے گا.جدید پاسپورٹ کی پرنٹنگ کا کام جلد شروع ہوجائے گا۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق پاسپورٹ فیچرز میں تبدیلیاں جدت اور ہم آہنگی کے اصولوں کے تحت کی جا رہی ہیں تاہم فیچرز کے علاوہ پاسپورٹ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔
پاسپورٹ پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کیلئے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ پاسپورٹ نہ صرف آپ کی شناخت بلکہ پاکستانی شہریت کی بھی تصدیق کرتا ہے۔وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔
عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں۔جن کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔