ویب ڈیسک: چینی صدر شی جن پنگ نے امریکا کی جانب سے ٹیرف بڑھائے جانے کے بعد شروع ہونے والی تجارتی جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف اور تجارتی جنگ سے عالمی اقتصادی نظام کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی تجارتی جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف اور تجارتی جنگیں تمام ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ کثیرالجہتی تجارتی نظام کو متاثر کرتی ہیں اور عالمی معیشت پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔
صدر شی جن پنگ نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ملاقات کے دوران کیا۔
واضح رہے کہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف اس وقت چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔
چینی صدر نے اس موقع پر مزید کہا کہ چین بین الاقوامی نظام کی حفاظت کے لیے آذربائیجان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور آذربائیجان کے ساتھ قانون کے نفاذ اور سیکیورٹی تعاون کو جاری رکھے گا۔