بٹگرام،کیبل کار میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا

بٹگرام،کیبل کار میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا
خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو نکالنے کے لئے کئی گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 پختونخوا کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے اور ریسکیو کیے گئے افراد میں عرفان، نیاز محمد، رضوان، گلفراز، شیر نواز، ابرار، عطا اللہ اور اسامہ شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب ہوگیا اور 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ جی او سی ایس ایس جی نے ریسکیو آپریشن کی قیادت کی، آرمی چیف کی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن، ایس ایس جی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا، پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پی اے ایف کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا، سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں پاک فوج، پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بےمثال مہارت اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مقامی کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں، آپریشن میں سول انتظامیہ اور مقامی افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہ ایک انتہائی مشکل اور کٹھن آپریشن تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا، ریسکیو آپریشن میں شامل تمام ٹیموں نے اس منفرد آپریشن کو سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، افواج پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے، افواج پاکستان مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔ ریسکیو آپریشن سورج ڈھلنے کے بعد بھی جاری رہا، ذرائع کے مطابق ایک بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کے بعد گراؤنڈ سے آپریشن شروع کیا گیا، ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث روک دیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ اندھیرا ہونے کے باوجود متبادل طریقوں سے پاکستان آرمی نے ریسکیو آپریشن جاری رکھا، چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لے جایا گیا۔ چھوٹی ڈولی سے کھانے پینے کی اشیا بھی پھنسے افراد کو بھیجی گئیں اور اسی ڈولی میں ایک ایک کر کے انتہائی احتیاط کے ساتھ بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے آپریشن کیلئے شمالی علاقہ جات سے لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کیں۔ خیال رہے کہ پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے تھے، بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔