پاکستان نے ویزاآن ارائیول اور آن لائن ویزا کی سہولت متعارف کروادی

پاکستان نے ویزاآن ارائیول اور آن لائن ویزا کی سہولت متعارف کروادی
کیپشن: پاکستان نے ویزاآن ارائیول اور آن لائن ویزا کی سہولت متعارف کروادی

ویب ڈیسک: پاکستان نے ویزا پالیسی میں اہم اصلاحات کرتے ہوئے 192 ممالک کے شہریوں کے لیے آن لائن ویزا اور 120 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔

اس اقدام کا اعلان وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے سسٹین ایبل ٹورازم فورم اینڈ ایکسپو سے خطاب کے دوران کیا، جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) اور اسلامک چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ نئے ڈیجیٹل ویزا نظام کے تحت غیر ملکی شہری اب پاکستان کے ویزے کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں سفارت خانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف تیز اور آسان ہے بلکہ شفافیت کو بھی فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اصلاحات بین الاقوامی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے پاکستان کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے سے لطف اندوز ہونا مزید آسان ہو جائے گا۔

قیصر احمد شیخ کے مطابق آن لائن ویزا پروگرام پاکستان کے وسیع تر اقتصادی اور سیاحتی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور کاروبار میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی اور جغرافیائی تنوع اسے سیاحوں کے لیے ایک منفرد مقام بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر سیکیورٹی انتظامات اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ساتھ پاکستان بین الاقوامی سیاحوں، کاروباری مسافروں اور سرمایہ کاروں کو ایڈونچر، ہیریٹیج اور ایکو ٹورزم کے شعبوں میں راغب کرے گا۔

Watch Live Public News