گلگت بلتستان کی خراب موسمی صورتحال: سیاحوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری

گلگت بلتستان کی خراب موسمی صورتحال: سیاحوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری
کیپشن: گلگت بلتستان کی خراب موسمی صورتحال: سیاحوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم اور سیلابی صورتحال کے باعث حالات معمول پر آنے تک سیاح گلگت بلتستان کا سفر مؤخر کر دیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خطے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بابوسر کے مقام پر 10 سے 15 افراد لاپتا ہیں، جبکہ سیلاب میں پھنسے تمام سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ سیاحوں کے لیے حکومت اور ہوٹل مالکان نے مفت رہائش فراہم کی۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک پانچ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ناران، کاغان مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ شاہراہِ قراقرم دو مقامات سے دوبارہ بند ہو گئی ہے، جس کے باعث ہزاروں مسافر راستے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ شاہراہِ ریشم صرف چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلی ہے، اور بشام تک اس کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بابوسر ٹاپ پر کافی جانی نقصان ہو چکا ہے۔

لاہور کے ایئرپورٹ کے اطراف صبح سے 108 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو اگلے دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب دیامر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں سیلاب سے 5 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ بابوسر ٹاپ پر درجنوں سیاح لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ سیلاب سے گرلز اسکول، پولیس چوکی، دو ہوٹل، اور 50 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ 15 سے زائد مقامات پر سڑک بلاک اور چار پل بہہ چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، ٹریفک حادثات اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات سے خبردار کیا ہے۔

Watch Live Public News