ویب ڈیسک: لاہور میں رات گئے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ متعدد شاہراہیں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے، نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔
کینٹ، ڈیفنس، والٹن، کیولری گراؤنڈ، مین ڈیفنس روڈ، علی ویو گارڈنز، علی پارک اور نادرا آباد سمیت کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ شدید بارش کے باعث متعدد مقامات پر سیوریج کا نظام بھی جواب دے گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 262 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مناواں میں 200، تاجپور میں 151، کاہنہ میں 142، شادپورہ میں 129، مغل پورہ میں 127 اور اپر مال میں 111 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی وقفے وقفے سے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
شدید بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ لاہور سے کراچی، دبئی، جدہ، ابوظبی اور استنبول جانے اور آنے والی کم از کم چھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو روانگی سے قبل اپنی پروازوں کا شیڈول معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر ایم ڈی واسا غفران احمد نکاسیٔ آب کے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ عملہ مختلف علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے مون سون بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔