(ویب ڈیسک) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کاکہنا ہے کہ سعودی عرب کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں کا احترام عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ان کاکہنا تھاکہ اپیل ہے کہ ایران امریکہ جنگ بندی کےلیے دونوں ٹیبل پر بیٹھیں اور فیلڈ مارشل وزیر اعظم امن کوششوں کو آگے بڑھایا جائے تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کاکہنا تھاکہ پچیسویں اسلامی سیاحت کی نمائش پاکستان میں مذہبی اور بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہےجبکہ سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جہاں ہر سال سکھ، ہندو اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج و عمرہ کے نظام میں نمایاں سہولتیں فراہم کی ہیں جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان اور عقیدے پر مبنی ہیں جو وقت کے ساتھ مزیدمستحکم ہو رہے ہیں۔ اگر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور دیگر 57 اسلامی ممالک سیاحت کے شعبے میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں تو پوری اسلامی دنیا معاشی طور پر مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تنازعات، بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان اختلافات، مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں تاکہ دنیا میں امن کو فروغ مل سکے۔
نمائش کے آرگنائزر عبداللہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی 42 ٹورازم کمپنیاں لاہور آئی ہیں، جس سے پاکستانی شہریوں کو عمرہ، سیاحت اور دیگر سفری سہولیات کے حوالے سے براہِ راست معلومات اور خدمات حاصل ہوں گی۔