پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر

پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر
کیپشن: پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا پارلیمانی کمیٹی کے اہم اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں بجٹ منظوری، صوبائی حکومت کے مستقبل اور بانی پی ٹی آئی کے اختیارات سے متعلق اہم فیصلے اور مؤقف اختیار کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع پی ٹی آئی کا کہناہے کہ اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، جہاں یہ فیصلہ سامنے آیا کہ خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ مشروط طور پر ہر صورت آج ہی منظور کیا جائے گا۔ بجٹ کی منظوری کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت سے مشروط ہوگا، اور بعد ازاں بجٹ میں ردوبدل کا امکان بھی رکھا گیا ہے۔

ذرائع پی ٹی آئی کا کہناہے کہ اجلاس میں شریک اراکین کو دو آپشنز دیے گئے،یا تو بجٹ منظور نہ کر کے حکومت ختم کر دی جائے، یا بجٹ پیش کر کے حکومت کو وقتی طور پر بچا لیا جائے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بجٹ کی منظوری بانی پی ٹی آئی کی حتمی ملاقات اور فیصلہ سازی سے مشروط ہوگی۔

ذرائع پی ٹی آئی کا کہناہے کہ اجلاس میں واضح طور پر رائے دی گئی کہ صوبائی حکومت کی بقا یا خاتمے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کو حاصل ہے۔ اجلاس میں اس مؤقف پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا۔

پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے گورنر ہاؤس میں خیبرپختونخوا حکومت کو گرانے کی مبینہ سازش کی گئی تھی، تاہم اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے بجٹ کی مشروط منظوری کو حکمت عملی کے طور پر اپنایا گیا ہے۔

اجلاس میں شریک ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان چاہیں تو مختلف سرکاری محکموں کے بجٹ میں کمی بیشی بھی کر سکتے ہیں، اور یہی اختیار ان کی سیاسی حیثیت اور پارٹی پر کنٹرول کو ظاہر کرتا ہے۔

Watch Live Public News