(ویب ڈیسک ) پاکستان علماء کونسل کی جانب سے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔جس میں محرم الحرام میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر نے مشاورت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء مشائخ، خطبا، ذاکرین، واعظین پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
اجلاس میں اسرائیل اور امریکا کی طرف سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا جواب دینا ایران کا عالمی قوانین کے مطابق حق ہے۔ حکومت پاکستان کا موقف پاکستان کے عوام اور عالم اسلام کے مسلمانوں کی ترجمانی ہے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ سے اسرائیلی جارحیت کے روکنے، آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
تمام مسالک کے علماء و مشائخ نے انتہا پسندانہ سوچ کی مذمت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام غیر مسلم شہریوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ امت کو جوڑنے کا فریضہ ادا کریں۔ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اپنے خطبات میں دوسروں کے عقائد کو طعن و تشنیع کا نشانہ نہ بنائیں۔