گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگنے سے 8 افراد کی موت، دل دہلا دینے والی ویڈیو آگئی

گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگنے سے 8 افراد کی موت، دل دہلا دینے والی ویڈیو آگئی

ویب ڈیسک: برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کیٹرینا کے مشہور سیاحتی مقام پریا گرانڈے میں ہفتے کی صبح پرواز کے دوران گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، اس حادثے میں کم از کم 8 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ 13 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ غبارے پر کل 21 افراد سوار تھے، غبارے میں آگ لگنے کی ویٖڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔

مقامی میڈیا آوٹ لیٹ جی ون نے ایک خوفناک ویڈیو جاری کی ہے جس میں غبارے کو شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے اور آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ہزاروں فٹ کی بلندی پر موجود گرم ہوا کا غبارہ آگ کی لیپٹ میں ہے، جان بچانے کے لئے کچھ افراد لٹک رہے ہیں، آگ مزید بھڑکنے پر پہلے ایک شخص نے ہاتھ چھوڑے اور کچھ ہی سیکنڈ میں ایک اور شخص نے ہزاروں فٹ بلندی پر اڑنے والے گرم ہوا کے غبارے سے ہاتھ چھوڑ دیے۔

دونوں کی زمین پر گرتے ہی موت واقع ہوگئی، غبارے پر کل 21 افراد سوار تھے جن میں سے 8 موت کے منہ میں چلے گئے، عینی شاہدین نے حادثے کی ویڈیو بنائی جو دل دہلادینے والے مناظر دیکھ کر رو رہے تھے۔ 

 حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں پائلٹ بال بال بچ گیا اور وہ زخمی مسافروں میں شامل ہے۔

یہ حادثہ جون کے تہواروں کے دوران پیش آیا، جب خطے میں غبارے کی پروازوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس حادثے نے بیلون آپریشنز کی حفاظت پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

 تفتیشی افسران یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا بیلون آپریٹر نے تمام حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا تھا اور کیا موسم یا تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔

Watch Live Public News