(ویب ڈیسک ) ایرانی پاسدارن انقلاب (IRGC) نے تصدیق کی ہے کہ اس نے قطر میں قائم امریکی فضائی اڈے "العدید" پر میزائل حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر مبینہ حملے کے جواب میں کیا گیا، جسے ایران نے کھلی جارحیت قرار دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، آئی آر جی سی نے اپنے سخت لہجے میں جاری بیان میں خبردار کیا کہ اگر امریکا یا اس کے اتحادیوں کی جانب سے مزید کوئی جارحانہ اقدام کیا گیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب خطے میں امریکی فوجی اڈے "کمزوری کے مراکز" بن چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا "ایران اپنی خودمختاری، سرحدی سلامتی یا قومی مفادات پر ہونے والے کسی بھی حملے کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا۔"
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی منظوری سے کی گئی اور اب "مارو اور بھاگو" والی پالیسی کا دور ختم ہو چکا ہے۔
آئی آر جی سی نے مزید کہا کہ امریکا کے یہ اقدامات دراصل اسرائیلی فوجی مقاصد سے جڑے ہوئے ہیں، اور ایران اس وقت تک مزاحمت جاری رکھے گا جب تک "صیہونی ریاست" کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔