لیونل میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

لیونل میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا
کیپشن: لیونل میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ویب ڈیسک: ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ کے 33ویں منٹ میں میسی نے اپنے مخصوص دلکش انداز میں شاندار گول اسکور کر کے نہ صرف ارجنٹائن کو برتری دلائی بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں مرد فٹبالرز کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

میچ کے آغاز میں ملنے والی پنالٹی کک پر میسی گول کرنے میں ناکام رہے تھے، تاہم انہوں نے عمدہ کم بیک کرتے ہوئے کھیل کے دوران اپنا تاریخی گول اسکور کیا اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اپنی 39ویں سالگرہ سے محض دو روز قبل میسی نے جرمنی کے لیجنڈری اسٹرائیکر مائروسلاو کلوزے کا 16 گولز پر مشتمل 12 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جو 2014 سے قائم تھا۔

اس گول کے ساتھ میسی ورلڈ کپ فائنلز میں 17 گولز کے مالک بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 115 گولز بھی اسکور کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کی مجموعی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ برازیل کی اسٹار خاتون فٹبالر مارٹا کے پاس ہے، جنہوں نے 17 گولز کر رکھے ہیں۔ میسی کے اس نئے کارنامے کے بعد وہ مرد و خواتین فٹبال کی تاریخ میں مشترکہ طور پر سرفہرست آ گئے ہیں۔

ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے میسی کی تاریخی کامیابی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی تاریخ میں ان جیسا کھلاڑی کبھی نہیں آیا، اور وہ آج بھی دنیا کے بہترین فٹبالر ہیں۔

Watch Live Public News