ویب ڈیسک: حکومتِ بلوچستان نے یومِ عاشورہ کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو تمام سرکاری دفاتر، خودمختار ادارے اور صوبائی محکمے بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ محرم الحرام کے تقدس، مذہبی عقیدت اور عوامی سہولت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت بھی عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر چکی ہے۔ اس سلسلے میں کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق 25 اور 26 جون کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم موبائل فون سروس معمول کے مطابق بحال رہے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔