فنانس بل 2026: تنخواہ دار طبقے کیلئے نئے انکم ٹیکس سلیب متعارف، یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے

فنانس بل 2026: تنخواہ دار طبقے کیلئے نئے انکم ٹیکس سلیب متعارف، یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے
کیپشن: فنانس بل 2026: تنخواہ دار طبقے کیلئے نئے انکم ٹیکس سلیب متعارف، یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے

ویب ڈیسک:  آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کے نئے سلیب متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے فنانس بل کا حتمی مسودہ آج منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس میں تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس شرحوں اور سلیبز میں متعدد تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔

فنانس بل کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد بدستور انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رہیں گے۔

نئے ٹیکس سلیب کے تحت 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر ایک فیصد انکم ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں کو 6 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے علاوہ اضافی آمدن پر 11 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

اسی طرح 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر ایک لاکھ 16 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی رقم پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جو گزشتہ شرح 23 فیصد کے مقابلے میں کم ہے۔

فنانس بل کے مطابق 32 لاکھ سے 41 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں کے لیے 3 لاکھ 46 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی آمدن پر 25 فیصد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 41 لاکھ سے 56 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد 5 لاکھ 41 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے ساتھ اضافی رقم پر 29 فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔

مزید برآں، 56 لاکھ سے 70 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں پر 9 لاکھ 76 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی آمدن پر 32 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ 70 لاکھ روپے سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والے افراد کو 14 لاکھ 24 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے علاوہ اضافی آمدن پر 35 فیصد انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس سلیبز کا مقصد ٹیکس نظام کو زیادہ مؤثر بنانا اور تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ڈھانچے میں توازن پیدا کرنا ہے۔

Watch Live Public News