(ویب ڈیسک ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ہی نہیں یہ ہمارا بھائی اور عزیز دوست بھی ہے،مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، امن، ترقی اور خوشحالی کےلیے پاکستان کے اہم کردار کے معترف ہیں۔
وزیر اعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں،دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دار ہیں، پاکستان اور ایران کے عوام کی منزل ایک ہی ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ہی نہیں یہ ہمارا بھائی اور عزیز دوست بھی ہے، تہران کے تعلقات قریبی اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں،مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، امن، ترقی اور خوشحالی کےلیے پاکستان کے اہم کردار کے معترف ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اسلام آباد ایم او یو پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے،دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں،صدر مملکت، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں ہوئیں،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ا ور خطے کی صورتحال پر بات ہوئی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امن کے عمل کےلیے قطر، ترکیہ اور سعودی عرب کی قیادت کے مشکور ہیں ، امن عمل کےلیے مصر کی قیادت اور دوست ممالک کے بھی شکر گزار ہیں، چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے خوشحال مشترکہ مستقبل کےلیے آگے بڑھنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب:
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوست وہی ہوتا ہے تو مشکل وقت میں ہاتھ تھامے،صدر مسعود پزشکیان اوران کے وفد کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہوئی،صدر مسعود پزشکیان عظیم ملک کے عظیم رہنما ہیں،بطور ڈاکٹر ایرانی صدر کی انسانیت کے لیے بھی بہت خدمات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ ایران اورامریکا کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہوا،بطور ثالث پاکستان نے امن عمل کے لیے خلوص نیت سے کاوشیں کیں،برگن سٹاک میں ہونے والے مذاکرات بھی بہت اہمیت کے حامل رہے،پر امید ہیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت معاہدے کی شکل اختیار کرے گی اور نئی راہیں کھلیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی دوراندیش قیادت کو بھی سراہتا ہوں،بحران کے دوران ایران کے عوام نے مثالی جرات اوراتحاد کا مظاہرہ کیا،جنگ میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہارکرتا ہوں،سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت بھی بڑا نقصان ہے،مشکل وقت میں ایران کی حکومت اورعوام کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمسائے ہی نہیں ہزاروں سال کی تہذیب سے بھی جڑے ہیں،ثالثی عمل میں پاکستان پر اعتماد کے اظہار پرایرانی قیادت کے مشکور ہیں،مذاکراتی عمل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت اور لگن قابل ستائش ہیں،نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراوروزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی شاندار خدمات انجام دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورایران نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ایران کی ناکامی ہماری ناکامی ہے۔