امریکہ میں آئی فون نہ بنے تو ایپل کو 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا: ٹرمپ

امریکہ میں آئی فون نہ بنے تو ایپل کو 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا: ٹرمپ

ویب ڈیسک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو خبردار کیا کہ اگر کمپنی امریکہ میں آئی فون تیار نہیں کرتی تو اسے 25 فیصد درآمدی ٹیرف ادا کرنا پڑے گا، یہ اعلان ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر کیا، جس کے بعد ایپل کے شیئرز میں قبل از مارکیٹ ٹریڈنگ میں 3 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ایپل کے سی ای او ٹم کک کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ امریکہ میں فروخت ہونے والے آئی فونز ملک کے اندر تیار کیے جائیں،  اگر ایسا نہ ہوا تو ایپل کو کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔

ایپل نے حالیہ برسوں میں اپنی مینوفیکچرنگ کا بڑا حصہ بھارت منتقل کیا ہے تاکہ چین پر انحصار کم کیا جا سکے اور سپلائی چین کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ جون کی سہ ماہی میں امریکہ میں فروخت ہونے والے زیادہ تر آئی فونز بھارت سے آئیں گے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایپل پر یہ ٹیرف لاگو ہوتا ہے تو آئی فون کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جو صارفین اور کمپنی کی فروخت دونوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

مثال کے طور پر، چین میں تیار کردہ آئی فون 16 پرو میکس کی قیمت میں $675 (تقریباً 56 فیصد) تک اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ بھارت میں تیار کردہ ماڈلز پر 12 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ 

فی الحال ایپل کمپنی کی جانب سے اس معاملے پر  کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Watch Live Public News