احساس راشن پروگرام میں رجسٹریشن کا طریقہ کار

احساس راشن پروگرام میں رجسٹریشن کا طریقہ کار
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتے ہوئے احساس راشن رعایت کے تحت خاندانوں کے اندراج کے لیے 8171 سروس کھول دی ہیں۔ اب اس پروگرام میں ماہانہ 50 ہزار روپے سے کم کمانے والے خاندان خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ منگل کو تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ 24 چھوٹے شہروں کے حالیہ فیلڈ دوروں کی کی بنیاد پر ہم نے 8171 ایس ایم ایس سروس کو ان مستحق خاندانوں کے اندراج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کھولا ہے جن کی انٹرنیٹ تک محدود یا کوئی رسائی نہیں ہے۔ ان دنوں جاری احساس راشن رجسٹریشن مہم کے تحت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس اور این بی پی کی ٹیموں کے ساتھ راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، نوشہرہ، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 24 چھوٹے شہروں اور قصبوں میں جا کر مقامی کریانہ دکاندار، تاجر انجمنوں ، ضلعی انتظامیہ، مقامی میڈیا اور عوام کو احساس راشن پروگرام پر آگاہی فراہم کی اور ان کی رائے بھی حاصل کریں۔ درخواست دہندگان کے خاندان کا صرف ایک فرد جس کا موبائل نمبر اس کے ذاتی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پر جاری کیا گیا ہے، وہ 8171 ایس ایم ایس سروس یا ویب پورٹل کے ذریعے اپنے خاندان کا اندراج کر سکتا ہے۔ 8171 کے ذریعے رجسٹریشن کے لیے، خاندان کا مذکورہ فرد اپناقومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کر سکتا ہے جبکہ کریانہ کے دکاندار صرف ویب پورٹل https://ehsaasrashan.pass.gov.pk کے ذریعے ہی رجسٹریشن کر سکیں گے۔ وفاقی کابینہ نے اس کی بھی منظوری دی ہے کہ غیر ملکی مسافروں کے مستحق خاندانوں اور 31,500 روپے سے کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین بھی احساس راشن رعایت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ہر اہل خاندان کو آٹا، کوکنگ آئل یا گھی اور دالوں کی خریداری پر 1000 روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ کریانہ کی مقرر کردہ دکانوں پر آٹے پر 22 روپے فی کلو، دالوں پر 55 روپے فی کلو اور کھانا پکانے کے تیل یا گھی پر 105 فی لیٹر فی کلو سبسڈی دی جائیگی۔خریدار خاندانوں اور کریانہ دکانداروں دونوں کے لیے اس پروگرام کے لیے رجسٹر کرنے کے لیے اپنے اپنے شناختی کارڈ پر جاری کردہ موبائل سمز کا ہونا لازمی ہے۔ نیز، کریانہ کے دکانداروں کا بینک اکائونٹ نیشنل بینک آف پاکستان میں ہونا لازمی ہے۔ نامزد کریانہ دکاندار اپنے سیل فونز میں ’موبائل پوائنٹ آف سیل(mPOS)‘ ایپ ڈائون لوڈ کریں گے جس کے ذریعے وہ اہل خریداروں تک سبسڈی پہنچا سکیں گے۔حکومت سبسڈی کی رقم اور کریانہ کے دکانداروں کو 5تا 8 فیصد کمیشن براہ راست بینک کھاتوں میں دے گی۔ یہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہے کہ وہ نقد پر مبنی لین دین سے الیکٹرانک لین دین کی طرف منتقل ہوں، اپنے بینک اکائونٹ کھولیں اور انٹرنیٹ سے چلنے والے آلات انسٹال کریں۔ ہر سہ ماہی میں لکی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی جس کے ذریعے گروسری سٹورز مالکان کو موبائل فون، موٹر سائیکل یا نقد انعامات جیسے انعامات دیئے جائیں گے۔

Watch Live Public News