ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026:پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ منظرعام پر آگئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026:پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ منظرعام پر آگئی
کیپشن: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026:پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ منظرعام پر آگئی

ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاک بھارت ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ منظر عام پر آگئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا ممکنہ طور پر 8 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔ 

یاد رہے کہ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے 2 شہر میچز کی میزبانی کریں گے۔ 

ذرائع کے مطابق کہ فائنل میچ احمد آباد میں کھیلے جانے کا امکان ہے تاہم پاکستان کے فائنل میں رسائی کی صورت میں فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جن کی لائن اپ رواں ماہ ہی مکمل ہوئی ہے۔

دونوں میزبان ممالک کے علاوہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹاپ سات ٹیموں آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا، افغانستان اور ویسٹ انڈیزنے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔

پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے اپنی رینکنگ کی بنیاد پر رسائی حاصل کی ہے۔

اس کے علاوہ ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کینیڈا، نیدرلینڈز، اٹلی، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں نے رسائی حاصل کی۔

Watch Live Public News