سعودی عرب کا 95واں قومی دن، صدرمملکت اور وزیراعظم کی مبارکباد

سعودی عرب کا 95واں قومی دن، صدرمملکت اور وزیراعظم کی مبارکباد
کیپشن: سعودی عرب کا 95واں قومی دن، صدرمملکت اور وزیراعظم کی مبارکباد

ویب ڈیسک: سعودی عرب آج اپنا 95واں قومی دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی بھی یوم الوطنی کے موقع پر تقریبات منعقد کر کے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان و سعودی عرب کی دوستی کے نعرے لگائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، جی ایم اعوان، جمیل ربانی، فضل رحیم صافی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دو دل ایک جان کی مانند ہیں۔ دونوں ممالک دفاعی معاہدے کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر بھی مل کر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک مضبوط معاشی طاقت ہے جبکہ پاکستان عسکری لحاظ سے ایک مستحکم ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مزید مضبوط بنانے اور ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

یوم الوطنی کے موقع پر سعودی شہروں میں پرچم لہرائے گئے اور مختلف تقریبات کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔

صدرمملکت اور وزیراعظم کی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد:

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کو آج ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں، سعودیہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاض کے حالیہ دورے کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت بھری مہمان نوازی باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ترقی کے عظیم سفر پر گامزن ہے اور آج عالمی برادری میں اس کا بلند مقام بصیرت اور دانشمندی کی مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عوام اور قیادت کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

شہباز شریف کے مطابق پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جس نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔ 

Watch Live Public News