ویب ڈیسک: بھارت فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ویب سیریز ’The Ba*ds of Bollywood‘ پر تنازع کھڑا ہوگیا ، اداکار رنبیر کپور اور پروڈیوسرز کے خلاف کارروائی کی درخواست دائر کر دی گئی۔
آریان خان کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریزحال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی ہے، جسے ناظرین اور ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ سات اقساط پر مشتمل اس میگا بجٹ سیریز کو آریان کی والدہ اور فلمساز گوری خان اور والد شاہ رخ خان نے پروڈیوس کیا ہے۔
اس سیریز میں رنبیر کپور، رنویر سنگھ، سلمان خان، عامر خان، شاہ رخ خان، ارشد وارثی، دیشا پٹانی، عمران ہاشمی، ارجن کپور اور دیگر سمیت بالی ووڈ کے بہت سے معروف ستاروں نے خصوصی شرکت کی۔ تاہم، ایک سین میں رنبیر کپور کو الیکٹرک سگریٹ (vape) کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قومی انسانی حقوق کمیشن نے ممبئی پولیس اور وزارت اطلاعات و نشریات کو خط لکھ کر سیریز اور نیٹ فلکس کے پروڈیوسر رنبیر کپور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ای سگریٹ کا استعمال بغیر وارننگ کے دکھایا گیا جس سے نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یہ درخواست الیکٹرانک سگریٹ ایکٹ 2019 کی ممکنہ خلاف ورزی کے تحت کی گئی ہے جس میں ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ کیا گیا ہے۔