اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کیپشن: اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف معاون اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

وہ ’ویلکم‘، ’غدر: ایک پریم کتھا‘، ’غدر 2‘ اور ’استری 2‘ سمیت متعدد مقبول فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانے جاتے تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان گزشتہ کچھ عرصے سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اداکار جمعرات کی شام دورانِ علاج انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مشتاق خان نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1980 میں فلم ’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے‘ سے کیا۔ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کے دوران انہوں نے ہندی فلموں کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن پر بھی کام کیا۔

اداکار نے مختلف نوعیت کے معاون کردار ادا کیے اور ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’عاشقی‘، ’مجھ سے شادی کرو گی‘ اور ’ویلکم‘ سمیت کئی کامیاب فلموں کا حصہ رہے۔

انہوں نے ’غدر: ایک پریم کتھا‘ اور اس کے سیکوئل ’غدر 2‘ میں بھی اداکاری کی، جبکہ حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی فلم ’استری 2‘ میں بھی نظر آئے۔

مشتاق خان نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران مزاحیہ، سنجیدہ اور جذباتی نوعیت کے مختلف کردار نبھائے اور معاون اداکار کے طور پر فلمی شائقین میں اپنی الگ شناخت بنائی۔

Watch Live Public News