ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے دوسری بار ماں بننے کے تجربے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے حمل کی خبر شیئر کی، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ جب انہیں پہلی بار ماں بننے کا تجربہ ہوا تو وہ 24 سال کی تھیں، جبکہ اب 41 برس کی عمر میں یہ سفر ان کے لیے جسمانی اور جذباتی طور پر مختلف ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق ان کا بیٹا اب بڑا ہوچکا ہے اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختار زندگی میں مصروف تھیں، اس لیے دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ تاہم کئی برس بعد اس سفر کا آغاز ان کے لیے ایک بڑی جذباتی تبدیلی ثابت ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس بار حمل کا تجربہ جسمانی طور پر زیادہ مشکل ہے اور بعض دنوں میں ان کا جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو وہ کرنا چاہتی ہیں۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ اس مرحلے پر انہیں خوشی کے ساتھ خوف، تھکن اور کمزوری جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔ ان کے بقول عمر کے ساتھ انسان زندگی کی نزاکت اور اہمیت کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، لیکن بعض اوقات زندگی اپنی سمت خود طے کرتی ہے اور انسان کو اسے قبول کرنا سیکھنا پڑتا ہے۔
ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کا ایک بیٹا اذلان ہے۔ دونوں 2016 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ماہرہ خان نے سلیم کریم سے شادی کی، جس کی تقریب اکتوبر 2023 میں بھوربن میں ہوئی۔