پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، خواجہ آصف

پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، خواجہ آصف
کیپشن: پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ ماضی میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہے، جو بھارت کو آج تک یاد ہے۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے ایران-افغان سرحد پر کلبھوشن یادیو جیسے ایک اور جاسوس کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے تانےبانے بھارت سے جُڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پشت پناہی میں بلوچستان میں تخریبی کارروائیاں ہو رہی ہیں اور جعفر ایکسپریس جیسے واقعات میں ملوث عناصر کو بھارت نے پناہ دی ہوئی ہے۔

ٹی ٹی پی اور علیحدگی پسندوں سے روابط

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کے بھی بھارت سے تعلقات کے ثبوت موجود ہیں۔ بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت جا کر علاج کرواتے ہیں، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بھارت ان کی معاونت کر رہا ہے۔

پہلگام واقعے پر بھارت کو خود احتسابی کی ضرورت

خواجہ آصف نے پہلگام حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ حملہ بھارت کا خود ساختہ "فالس فلیگ آپریشن" ہو، تاکہ پاکستان پر الزام تراشی کی جا سکے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں عام شہری مارے جا رہے ہیں تو سات لاکھ بھارتی فوج وہاں کیا کر رہی ہے؟

پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے اور یہ ملک دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج ہر محاذ پر دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور پاکستان کبھی بھی دہشت گردی کو فروغ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

Watch Live Public News