ویب ڈیسک: بھارت میں شادیوں کے موقع پر مضحکہ خیزواقعات کا ہونا معمول بن چکا ہے، ایک ایسا ہی واقعہ منظرعام پر آیا جس میں دولہے نے دلہن کی پٹائی کردی۔
واقعہ بھارتی شہر اندور میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی کہ بجلی چلی گئی، بس پھر شادی کی خوشیاں مدھم پڑنے لگیں اور بات لڑائی تک پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگنگا میں شادی کی تقریب کے دوران دلہن والے بارات کا انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی دولہے میاں ہیمنت کیتھواس نے انٹری دی تو انہوں نے استقبال کیا لیکن اس دوران اچانک بجلی چلی گئی۔
دلہن والوں نے بجلی بحال کرنے کے لئے متبادل انتظامات کرنا شروع کیے تاہم دولہے میاں اور باراتیوں کا پارہ ہائی ہونے لگا۔ انہوں نے تقریب میں تلخ کلامی شروع کر دی۔
جھگڑا اس قدر شدید ہوگیا کہ باراتیوں نے دلہن والوں کو مارنا شروع کر دیا اور ہر چیز توڑ پھوڑ دی۔ پولیس کو معاملے کا علم ہوا تو نفری موقع پر پہنچ گئی لیکن بارات وہاں سے واپس لوٹ گئی تھی۔
دلہن نے پولیس کو بتایا کہ اس کی شادی ہیمنت کیتھواس سے طے تھی، بارات رات 10 بجے گھر پہنچی تو اہل خانہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں کھانا بھی کھلایا۔
’ایک موقع پر اچانک بجلی چلی گئی تو گھر والے اسے بحال کرنے کی کوشش میں لگ گئے لیکن دولہے والوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا، انہوں نے پہلے تلخ کلامی کی اور پھر تشدد کا نشانہ بنایا۔‘
دلہن کے مطابق دولہا اور اس کے گھر والوں نے مجھے، میرے اہل خانہ اور بیچ بچاؤ کیلیے مداخلت کرنے والوں پر تشدد کیا اور شادی منسوخ کر کے واپس روانہ ہوگئے۔