بھارت کااپنے فاسٹ بولرز کی ٹریننگ کیلئے پاکستان سے رابطے کا انکشاف

بھارت کااپنے فاسٹ بولرز کی ٹریننگ کیلئے پاکستان سے رابطے کا انکشاف
کیپشن: بھارت کااپنے فاسٹ بولرز کی ٹریننگ کیلئے پاکستان سے رابطے کا انکشاف

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے اپنے فاسٹ بولرز کی ٹریننگ اور رہنمائی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔

پی سی بی کے آفیشل چینل پر اپلوڈ کیے گئے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ پی سی بی کا اوورسیز پلیئرز پروگرام دنیا بھر کے کرکٹرز کو پاکستان میں کوچنگ اور ٹریننگ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کے تحت حال ہی میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی بھی پاکستان آ چکے ہیں۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی اور دنیا بھر کے کھلاڑی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور بھارتی فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے درخواست موصول ہوئی ہے۔

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عام طور پر بھارتی اور پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ بھی نہیں کرتے، جس پر عاقب جاوید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عوام کی سوچ کچھ اور ہوتی ہے جبکہ بیوروکریسی کا انداز مختلف ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مصافحہ نہ کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

Watch Live Public News