آصف زرداری اور سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی

آصف زرداری اور سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی
لاہور (پبلک نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری اور سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ آصف زرداری نے کہا کہ منصورہ میں آپکے پاس ووٹ لینے کےلئے آیا ہوں۔ اس وقت جو ملکی حالات بن گئے ہیں اس میں حکومت مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ و خارجہ کے محاذ پر حکومت مکمل پسپائی اختیار کر چکی ہے۔ ملک کے اندر مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے اور وزیر اعظم روس کے دورہ پر روانہ ہو گئے۔ جماعت اسلامی ملک میں بڑی اپوزیشن کی پارٹی ہے اس قومی منظر نامہ میں آپ اپنا کردار ادا کریں۔ آپ کا ایک ووٹ ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آپ کے عدم اعتماد پر کوئی بھی تحفظات ہیں ہمیں بتائیں انہیں دور کرنے کےلئے تیار ہیں۔ الیکشن اصلاحات پر آپکے موقف کی مکمل تائید کرتاہوں۔ عدم اعتماد کے نتیجے میں نئی حکومت سب سے پہلے الیکشن اصلاحات کرے گی۔ آپ ہمیں ووٹ دیں ماضی میں ایک ووٹ سے سینیٹ کا الیکشن ہار چکے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر اعتراض ہے۔ پہلے دن سے ہی اس موقف پر قائم ہوں کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات بہت بڑی دھاندلی ہوں گے۔ آپکی تجاویز کو جماعت اسلامی کی مجلس شوری اور عاملہ میں رکھیں گے اس کے بعد جواب دیں گے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حوالے سے ابھی تک اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔