انسانی اسمگلنگ،بدنام زمانہ چنیوٹی گینگ کاسرغنہ گرفتار,بینک اکاؤنٹ منجمد

انسانی اسمگلنگ،بدنام زمانہ چنیوٹی گینگ کاسرغنہ گرفتار,بینک اکاؤنٹ منجمد
کیپشن: انسانی اسمگلنگ،بدنام زمانہ چنیوٹی گینگ کاسرغنہ گرفتار,بینک اکاؤنٹ منجمد

ویب ڈیسک: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے مختلف کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ چنیوٹی گینگ کے اہم سرغنہ کو گرفتارکرلیا جبکہ کراچی ائیرپورٹ کے قریب ہوٹل پر چھاپہ مار کر 3 انسانی اسمگلرز بھی گرفتارکرلیے۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت وقاص ریاض کے نام سے ہوئی،ملزم کو چناب نگر چنیوٹ سے گرفتار کیا گیا،چنیوٹی گینگ سادہ لوح شہریوں کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیانے میں ملوث ہے،اس سے قبل بھی چنیوٹی گینگ کے 5 کارندے گرفتار ہو چکے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزمان نے مجموعی طور پر 31 متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر 4 کروڑ سے زائد وصول کئے،ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے،ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے شہریوں کو جعلی دستاویزات بھی دیتے تھے،ملزمان متعدد شہریوں سے رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے،چنیوٹی گینگ کے متعدد متاثرین کے بیانات ریکارڈ کئے جا چکے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ چنیوٹی گینگ کے 2 کارندے بیرون ملک سے گینگ کو آپریٹ کر رہے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے کئے جا رہے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر فیصل آباد زون کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران فیصل آباد زون نے 55 انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں 12 اشتہاری اور یونان کشتی حادثے میں ملوث ملزم بھی شامل ہیں،انسانی سمگلروں کی زیر استعمال کروڑوں مالیت کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹ منجمد کر دئیے گئے۔

ایف آئی اے کاہوٹل پر چھاپہ، 3 انسانی اسمگلر سمیت 7 گرفتار

دوسری جانب ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے عملے نے شاہراہ فیصل پر ائیرپورٹ چھوٹا گیٹ کے قریب ہوٹل پر چھاپہ مار کر 7 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 3 انسانی اسمگلر بتائے گئے ہیں۔ 

حکام کے مطابق زیر حراست افراد میں سے 4 مسافر ہیں جنہیں انسانی اسمگلرز نے عراق بھیجنے کے لیے بھاری رقم وصول کی تھی اور انہیں بیرون ملک بھیجنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ایجنٹوں اور مسافروں کو اے ایچ ٹی سی منتقل کردیا گیا ہے۔ جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News