ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی سمٹ سے خطاب میں اعلان کیا کہ امریکا مختلف ممالک پر 15 سے 50 فیصد تک ٹیرف عائد کر رہا ہے۔
امریکی صدرکا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے سنجیدہ تجارتی مذاکرات جاری ہیں، جبکہ چین کے ساتھ معاہدہ قریب ہے۔ جاپان کے ساتھ مذاکرات کے بعد ٹیرف 15 فیصد تک لانے پر اتفاق ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں کاروبار کرنے والے ممالک کے لیے ٹیرف میں نرمی کریں گے۔ توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے مختلف ایشیائی ممالک سے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے امریکا اور نیٹو کے درمیان ایک نئی ڈیل پر زور دیا، جس کے تحت یورپی اتحادی ہتھیار خرید کر یوکرین کو فراہم کریں گے اور امریکا سے فوجی سازوسامان کی مکمل ادائیگی کریں گے۔
مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں امریکا سبقت لے رہا ہے اور چین کو پیچھے چھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے سمٹ کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق تین ایگزیکٹو آرڈرز پر بھی دستخط کیے۔