190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلیں کل سماعت کیلئے مقرر

190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلیں کل سماعت کیلئے مقرر

(ویب ڈیسک )  اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی  پی ٹی آئی  عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف میں اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق  قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کیس کی سماعت کریں گے۔رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستیں اعتراضات کے ساتھ مقرر کیں۔

یاد رہے کہ 19 مارچ کو   بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سزا سنائے جانے کے 2 ماہ بعد سزا معطلی کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر  کیں تھیں۔

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، 17 جنوری کو سنائی جانے والی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے اور مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلہ اور سزا معطل کئے جائیں۔

یاد رہے کہ 17 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

Watch Live Public News