ویب ڈیسک:بھارت کی فلم انڈسٹری کے اداکار مکُل دیو کی اچانک مو ت نے ساتھی اداکاراؤں کو افسردہ کردیا، اداکار نے موت سے قبل انسٹاگرام پر آخری پوسٹ میں جو لکھا وہ منظرعام پر آگیا۔
اداکار مکل دیو جو ‘جے ہو’ اور ’سن آف سردار’ جیسی فلموں میں اداکاری سے مشہور تھے جو کہ انتقال کرگئے، اداکار کے انتقال کی تاحال وجہ تو سامنے نہیں آسکی لیکن انکے بھائی و اداکار راہول دیو نے اداکار کی موت کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مکُل گزشتہ شب نئی دہلی میں چل بسے۔ سوگواروں میں ان کی ایک بیٹی، بھائی اور بھتیجا شامل ہیں، جبکہ ان کی آخری رسومات آج شام 5 بجے ادا کی گئیں۔
انسٹاگرام پر آخری پوسٹ:
مکُل دیو سوشل میڈیا پر زیادہ ایکٹیو نہیں تھے تاہم انکی فروری میں شیئر کی گئی آخری انسٹاگرام پوسٹ نے مداحوں کو چونکا دیا۔مکل دیو جو تربیت یافتہ پائلٹ بھی تھے انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ جہاز اڑاتے ہوئے نظر آئے۔
یہ ویڈیو کاک پٹ کے اندر سے بنائی گئی تھی، جس میں انہوں نے بادلوں کے اوپر سے منظر کو ریکارڈ کیا، اس ویڈیو کے ساتھ مکُل دیو نے ایک ایسا کیپشن لکھا جو قدرے اداس اور پراسرار نوعیت کا تھا۔
کیپشن میں ’خطرناک پیشگی احساسات’ کا ذکر کیا گیا تھا، ان کی اس آخری پوسٹ نے کئی مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے، جو اب اس ویڈیو کو ان کی آخری یاد کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
کیپشن کچھ اسطرح تھا کہ،’اور اگر تمہارے ذہن میں بھی تاریک خدشات پھٹنے لگیں، تو میں تمہیں چاند کے تاریک رخ پر ملوں گا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے بیک گراؤنڈ میوزک کے طور پر Pink Floyd کا مشہور گانا ’Dark Side of the Moon’ بھی شامل کیا تھا۔ یہ پوسٹ 26 فروری 2025 کو شیئر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مکُل دیو صرف ایک اداکار اور مصنف ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک تربیت یافتہ پائلٹ بھی تھی۔
مکُل دیو 17 ستمبر 1970 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے،انہوں نے 1996 میں ٹی وی سیریل ’ممکن’ سے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا، اور اسی سال تھرلر فلم ’دستک’ کے ذریعے اپنا فلمی ڈیبیو بھی کیا۔