امریکی شہری نے 1 منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

امریکی شہری نے 1 منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

(ویب ڈیسک)امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے ایک منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے انہیں صرف 25 ٹی شرٹس پہننا ضروری تھیں، مگر انہوں نے اس حد کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔

ڈیوڈ رش، جو سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز رکھنے کے حوالے سے مشہور ہیں، اس سے قبل بھی ٹی شرٹس پہننے سے متعلق کئی منفرد ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ ان میں 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ ٹی شرٹس پہننے اور 10 ٹی شرٹس کم ترین وقت میں پہننے کے اعزازات شامل ہیں۔

اس نئے چیلنج کے دوران رش نے مقررہ ایک منٹ میں مجموعی طور پر 35 ٹی شرٹس پہن لیں، تاہم گنیز حکام نے ان میں سے تین شرٹس کو قواعد کے مطابق تسلیم نہیں کیا۔ یوں ان کا باضابطہ اسکور 32 ٹی شرٹس قرار پایا، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ بن گیا۔

ڈیوڈ رش نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ یہ چیلنج بظاہر آسان دکھائی دیتا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ مشکل بڑھتی جاتی ہے۔ ان کے مطابق دسویں شرٹ کے بعد جسم پر کپڑوں کا دباؤ بڑھنے لگتا ہے، بازوؤں کی حرکت محدود ہو جاتی ہے اور ہر نئی تہہ پہننا مزید دشوار محسوس ہوتا ہے۔

Watch Live Public News