راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں غزہ تنازعہ میں جاری مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی، آرمی چیف اور امام کعبہ نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید کی جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور امام کعبہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے لیے بے پناہ عقیدت اور احترام کرتے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں غزہ تنازعہ میں جاری مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی، آرمی چیف اور امام کعبہ نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی، تاریخی مذہبی اور ثقافتی رشتہ ہے، پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کی عقیدت اور مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امام کعبہ نے امت کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا بھی کی۔