ویب ڈیسک: نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ جو کچھ صدر ٹرمپ کے بارے میں پہلے کہہ چکے ہیں، اس پر آج بھی قائم ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران جب ظہران ممدانی سے پوچھا گیا کہ آیا وہ صدر ٹرمپ کو فاشسٹ سمجھتے ہیں، کیونکہ آپ نے انہیں جمہوریت کا دشمن اور دیگر سخت الفاظ سے پکارا ہے، تو ممدانی نے دوٹوک جواب دیا کہ وہ اپنے سابقہ بیانات پر قائم ہیں۔
ظہران ممدانی نے مزید بتایا کہ امریکی صدر سے ملاقات کے دوران نیویارک سٹی کے مسائل پر کھل کر بات چیت ہوئی، جن میں امیگریشن، شہریوں کی رہائش، معیشت، اور سیکیورٹی کے مسائل شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نیویارک کو ایک محفوظ شہر بنانے کی پالیسی پر قائم ہیں، تاہم مختلف علاقوں سے امیگریشن حکام کے چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ظہران ممدانی نے ریپبلکن اور ٹرمپ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کو شکست دے کر نیو یارک کے میئر کا انتخاب جیتا تھا۔ وہ یکم جنوری سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔