ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے موصول ہونے والا لیگل نوٹس پھاڑ کر رد کر دیا اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی دھمکیوں سے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پی ایس ایل مینجمنٹ کی جانب سے انہیں ایک قانونی نوٹس بھیجا گیا، جس میں تنقیدی بیانات واپس لینے، معافی مانگنے اور معاہدے کی خلاف ورزی پر فرنچائز معاہدہ ختم کرنے کے علاوہ بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ "اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میں دھمکیوں سے ڈر کر پیچھے ہٹ جاؤں گا تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔ میں خاموش نہیں رہوں گا۔"
The PSL Management has sent me a notice threatening to cancel Multan Sultans unless I offer them a public apology. Hazir Saeen. pic.twitter.com/yHWCcClXaD
— Ali Khan Tareen (@aliktareen) October 23, 2025
ملتان سلطانز کے مالک کا کہنا تھا کہ انہیں پی ایس ایل سے بے پناہ محبت ہے اور یہ لیگ صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی تیار ی کے باوجود آج تک ان سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ "نہ کوئی فون آیا، نہ کوئی ای میل، نہ ہی کسی نے میرے خدشات جاننے کی کوشش کی۔"
دلچسپ انداز میں علی ترین نے اپنے ویڈیو پیغام میں ذو معنی معذرت بھی کی۔ انہوں نے کہا، "ڈرافٹ، ٹریننگ سہولیات اور افتتاحی تقریب پر تنقید کرنے پر معافی چاہتا ہوں، پی ایس ایل مینجمنٹ میں قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کرنے پر بھی معافی مانگتا ہوں۔"
یاد رہے کہ پی سی بی نے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے کے الزام میں ملتان سلطانز کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز پر الزام ہے کہ پی ایس ایل 10 سے قبل سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹس کے ذریعے لیگ کی ویلیو کو کم کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ آئندہ 10 سال کے لیے ویلیو ایشن کم کی جا سکے۔ اگر ملتان سلطانز کی جانب سے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا گیا تو معاہدے کی منسوخی اور مالکان کو بلیک لسٹ کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔