ویب ڈیسک: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد اور سری لنکن اسپنر وانندو ہاسارنگا کے دلچسپ جشن (سیلیبریشن) نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں پاکستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو محض 133 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولرز نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ شاہین شاہ آفریدی سب سے نمایاں رہے جنہوں نے تین وکٹیں لے کر سری لنکن بیٹرز کو سنبھلنے نہ دیا۔ حارث رؤف اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ابرار احمد نے نپی تلی بولنگ کے ساتھ سری لنکا کے اہم بیٹر وانندو ہاسارنگا کو بھی چلتا کیا۔
اصل دلچسپ لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب ابرار احمد نے ہاسارنگا کو آؤٹ کرنے کے بعد انہی کے مخصوص جشن کے انداز میں سیلیبریشن کیا۔ یہ منظر اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی فوری طور پر وائرل ہوگیا۔ شائقین نے ابرار کی حاضر جوابی اور خوش مزاجی کو بے حد سراہا۔
Pic 1: Abrar with the celebration of Hasaranga????
— arnav. (@TheDrArnav) September 23, 2025
Pic 2: Hasaranga with the celebration of Abrar???? pic.twitter.com/QrMrUTTMvz
جواب میں ہاسارنگا نے بھی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران جب انہوں نے کیچ پکڑنے اور وکٹ لینے کے بعد جشن منایا تو ابرار کے انداز کی کاپی کر ڈالی۔ کمنٹیٹرز اور کھلاڑیوں نے اس دوستانہ نوک جھونک کو بھرپور انجوائے کیا اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی تعریف کی۔
میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ایک دوسرے سے گلے مل کر اپنی دوستی کا ثبوت دیا بلکہ یہ واضح کیا کہ کرکٹ صرف مقابلے کا نہیں بلکہ خوشی بانٹنے کا بھی کھیل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔