ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسلامی ملکوں کے سربراہان سے ملاقات، غزہ جنگ بندی سمیت مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات تقریبا 50 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں غزہ جنگ بندی کے بعد وہاں کی تعمیر و ترقی اور نئی حکومت پر کھل کر بات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان شریک ہوئے۔
امریکی صدر نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ مسلم رہنماؤں سے ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم رہنماؤں کیساتھ ملاقات اُن کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب وہ اسرائیل کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ہم غزہ کیلئے کچھ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ مسلم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران امریکی صدر نے کہا تھا کہ ہم غزہ کی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں اور اسے ختم کرکے رہیں گے، ممکن ہے کہ یہ ابھی ختم کردی جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ کچھ ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں ، لیکن فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کو مظالم کا انعام دینے کے برابر ہوگا۔