خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرض اسکیم کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرض اسکیم کا اعلان
کیپشن: خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرض اسکیم کا اعلان

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بلاسود قرضہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سکیم کا مقصد سرکاری ملازمین کو ان کی ضروریات کے مطابق مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی آمدن کے دائرے میں رہتے ہوئے روزمرہ کی اہم اشیاء یا سواری کی خریداری جیسے بڑے اخراجات آسانی سے پورے کر سکیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس سکیم سے گریڈ ایک سے 17 تک کے ملازمین کے ساتھ ساتھ اس سے اوپر کے افسران بھی مستفید ہو سکیں گے۔ ملازمین کو آٹھ ہزار روپے سے لے کر ڈھائی لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔ یہ قرضہ خاص طور پر سائیکل، موٹر سائیکل اور گاڑی کی خریداری کے لیے فراہم کیا جائے گا تاکہ سرکاری ملازمین اپنی سفری سہولیات بہتر بنا سکیں اور آمدورفت کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔

حکومت نے قرض کی واپسی کا ایک باقاعدہ طریقہ کار بھی وضع کیا ہے جس کے تحت قرض لینے والے ملازمین سے ماہانہ کٹوتی کے ذریعے رقم واپس وصول کی جائے گی۔ اس طریقہ کار سے نہ صرف ملازمین پر فوری مالی دباؤ کم ہوگا بلکہ وہ قسطوں کی صورت میں قرض واپس کرکے سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مزید یہ کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اس سکیم کے لیے 350 ملین روپے کی بھاری رقم مختص کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام سرکاری ملازمین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور اس سے نہ صرف ملازمین کو معاشی ریلیف ملے گا بلکہ سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

Watch Live Public News